مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا خطرہ، روس اور چین کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ
سلامتی کونسل کا اجلاس، سیاسی و سفارتی راستہ اپنانے پر زور، فوجی کارروائیوں کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار
مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا خطرہ، روس اور چین کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ
اقوام متحدہ میں روس اور چین نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دوبارہ فوجی کارروائیوں کی دھمکیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کا خطرہ بدستور زیادہ ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ مؤقف بحرین کی درخواست پر طلب کیے گئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے سفیر فو کونگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کو ہر صورت ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائیوں کے امکانات سے متعلق حالیہ بیانات انتہائی تشویش ناک ہیں اور اس قسم کے اقدامات پورے خطے کو تباہ کن بحران کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔
روسی اور چینی نمائندوں نے اپنے مشترکہ مؤقف میں اس بات پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ دونوں عالمی طاقتوں کا کہنا ہے کہ تمام تنازعات کا پائیدار حل صرف اور صرف مذاکرات اور سفارتی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ عسکری محاذ آرائی سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔