ٹرمپ ایشیا کے دورے پر روانہ، روسی اور چینی صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے

روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اہم ملاقات طے، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات

November 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز ایشیا کے کئی روزہ دورے پر روانہ ، جہاں رواں ہفتے کے آخر میں ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک اہم ملاقات طے ہے۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق روانگی سے قبل ٹرمپ نے اسے ایک ’اہم دورہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین میں ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ، شی اور پوتن کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات تینوں رہنماؤں کے درمیان پہلی ملاقات ہوگی اور اس میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں کمی پر توجہ مرکوز کیے جانے کی توقع ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور یوکرین کی جنگیں بدستور عالمی توجہ کا مرکز ہیں۔

ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ اس ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں کمی کے معاملے پر بات ہوگی، جسے انھوں نے ’ایک مشکل موضوع‘ قرار دیا، جبکہ ایران اور یوکرین بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

امریکی صدر سب سے پہلے فلپائن جائیں گے، جہاں ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کا سالانہ اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ ٹرمپ منگل کو جاپان، انڈیا اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کے ساتھ بحرالکاہل اور ہند کے خطے کی سلامتی پر ملاقات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق وہ تھائی لینڈ کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر بھی دستخط کریں گے اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک اور خطے کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ عشائیے میں شرکت کریں گے۔

بدھ کو امریکی صدر کی فلپائن کے صدر بونگ بونگ مارکوس کے ساتھ صدارتی محل میں سرکاری ملاقات اور ظہرانے میں شرکت متوقع ہے، جس کے بعد وہ شین ژین، چین روانہ ہوں گے۔

وہاں وہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) سربراہ اجلاس کے موقع پر اے پیک رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جبکہ جمعرات کو ان کی پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات ہوگی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ٹیسلا اور سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک بھی اس دورے میں صدر کے ہمراہ ہوں گے، تاہم وہ پوتن اور شی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حصہ نہیں ہوں گے۔