ثنا بی بی کے سابق شوہر علی رضا کا بیان سامنے آگیا، طلاق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کی وجہ بتا دی

اس وقت شدید ذہنی اذیت پہنچی جب انہیں نئے نمبر سے پیغامات کے ذریعے ثنا اور عادل کی قابل اعتراض ویڈیوز بھیجی گئیں۔

November 17, 2026 · قومی
اس وقت شدید ذہنی اذیت پہنچی جب انہیں نئے نمبر سے پیغامات کے ذریعے ثنا اور عادل کی قابل اعتراض ویڈیوز بھیجی گئیں۔

اس وقت شدید ذہنی اذیت پہنچی جب انہیں نئے نمبر سے پیغامات کے ذریعے ثنا اور عادل کی قابل اعتراض ویڈیوز بھیجی گئیں۔

 ثنا بی بی ان کے سابق شوہر علی رضا اور عادل سے متعلق وائرل معاملے کی کہانی میں ایک اور اہم موڑ آگیا۔ علی رضا نے اپنی سابق اہلیہ کو طلاق دینے سے لے کر سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرنے تک پورا واقعہ بیان کردیا اور بتایا کہ آخر انہیں یہ ویڈیو عوام کے سامنے کیوں لانا پڑی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ علی رضا کو اپنی اہلیہ ثنا کے کسی دوسرے شخص سے تعلقات کا علم ہوتا ہے۔ ثنا مبینہ طور پر عادل نامی نوجوان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے شوہر کے ساتھ مزید زندگی گزارنے سے انکار کرتی اور طلاق کا مطالبہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں علی رضا پہلے عادل سے رابطہ کرتے ہیں اور پھر ثنا کو طلاق دے دیتے ہیں۔ اس موقع پر وہ جذباتی انداز میں ثنا کو اپنی زندگی گزارنے کی اجازت دیتے اور عادل سے کہتے ہیں کہ اب وہ ان کا خیال رکھے۔ بعد ازاں ثنا اپنا سامان لے کر گھر سے چلی جاتی ہیں۔

 اپنے تازہ بیان میں علی رضا کا کہنا ہے کہ ثنا ان کی عزت اور اہلیہ رہی ہیں اور وہ انہیں بدنام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق ان کے پاس بہت سی چیزیں موجود تھیں جنہیں سامنے لایا جا سکتا تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

علی رضا نے بتایا کہ طلاق کی ویڈیو انہوں نے اپنے ثبوت اور مستقبل میں ممکنہ قانونی کارروائی سے تحفظ کے لیے ریکارڈ کی تھی۔ واقعے کے بعد تقریباً دس روز گزر گئے اور انہوں نے نویں روز یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ثنا ان کی زندگی سے چلی گئیں تو انہوں نے انہیں عزت کے ساتھ جانے دیا، لیکن بعد میں انہیں نئے نمبر سے پیغامات موصول ہوئے جن میں ثنا اور عادل کی قابل اعتراض ویڈیوز بھیجی گئیں۔

علی رضا کے مطابق وہ پہلے ہی اس علیحدگی کی وجہ سے شدید تکلیف میں تھے، لیکن ایسی ویڈیوز دیکھنے کے بعد انہیں مزید ذہنی اذیت پہنچی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ویڈیوز دیکھ کر انہیں اتنا غصہ آیا کہ ایک لمحے کے لیے دونوں کو قتل کرنے کا خیال بھی ذہن میں آیا، چاہے اس کے نتیجے میں انہیں پوری زندگی جیل میں گزارنا پڑتی۔

تاہم علی رضا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے غصے پر قابو رکھا، ثنا کو ہاتھ نہیں لگایا اور نہ ہی ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ ان کے بقول انہوں نے ثنا سے پیار سے بات کی، درخواستیں کیں اور پوچھا کہ آخر یہ سب کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ویڈیو جاری کرکے اپنی سابق اہلیہ کو بدنام نہیں کرنا چاہتے تھے، لیکن جب انہیں اس طرح کی ویڈیوز بھیجی گئیں تو انہوں نے اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اس پورے معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ کچھ صارفین علی رضا کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ دوسرے حلقے طلاق کی ویڈیو ریکارڈ کرکے عوامی سطح پر شیئر کرنے کے عمل پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔