کراچی کے جناح اسپتال میں نجی اور سرکاری سیکیورٹی گارڈز میں خونی تصادم

ایمرجنسی کے باہر تشدد، ویڈیو وائرل، انتظامیہ نے صلح کرا دی

November 19, 2026 · قومی
کراچی کے جناح اسپتال میں نجی اور سرکاری سیکیورٹی گارڈز میں خونی تصادم

کراچی کے جناح اسپتال میں نجی اور سرکاری سیکیورٹی گارڈز میں خونی تصادم

کراچی کے جناح اسپتال میں سیکیورٹی عملے کے درمیان تلخ کلامی اور تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں شعبہ ایمرجنسی کے باہر ایک نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے سرکاری سیکیورٹی گارڈ پر شدید تشدد کیا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

دستیاب اطلاعات اور وائرل فوٹیج کے مطابق، سرکاری سیکیورٹی کا شفٹ انچارج ایک نجی کمپنی کے گارڈ سے بات چیت کر رہا تھا کہ اسی دوران بات بڑھ گئی اور نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایمبولینس میں آگے بیٹھے شفٹ انچارج کو تین چار افراد نے زبردستی باہر نکالا اور نجی کمپنی کے گارڈ نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اس پر تشدد کیا۔

دوسری جانب، اسپتال انتظامیہ کا اس معاملے میں مؤقف ہے کہ یہ پورا واقعہ محض ایک غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق، اس لڑائی اور جھگڑے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے اور دونوں فریقین یعنی سیکیورٹی گارڈز کے درمیان صلح کروا دی گئی ہے تاکہ اسپتال کا امن وامان بحال رہے۔