وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس میں 16اہم معاہدوں پردستخط متوقع،پاکستانی سفیر

تاریخی دورہ ماسکو، توانائی اور تجارت کو فروغ، اسلام آباد سے مال بردار ٹرین روانہ ہوگی۔

November 23, 2026 · قومی
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ روس اور پاک روس تعاون سے متعلق ایک منظر۔

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ روس اور پاک روس تعاون سے متعلق ایک منظر۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان 15 سے 16 اہم معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ روس میں متعین پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے اس دورے کو انتہائی تاریخی قرار دیا اور دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت کی نوید سنائی۔

دستاویزات اور سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی توجہ دوطرفہ سیاسی تعلقات کے استحکام کے ساتھ ساتھ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، عوامی رابطوں، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر مرکوز ہے۔ اسی اسٹریٹجک ہدف کے تحت دونوں ممالک کے مابین ان شعبوں سے متعلق متعدد معاہدے طے پائیں گے۔

پاکستانی سفیر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی روابط کو گہرا کرنے کے لیے رواں سال کے اختتام تک اسلام آباد سے ماسکو کے لیے پہلی براہ راست مال بردار ٹرین روانہ کی جائے گی۔ یہ مال بردار ٹرین اسلام آباد سے چل کر کوئٹہ اور تفتان کے راستے ایران سے گزرتے ہوئے روس پہنچے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا 3 روزہ پہلا سرکاری دورہ کریں گے، جس کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا اور توانائی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔