لاہور: بہن کو بلیک میل کرنے کے الزام میں بھائی گرفتار
ملزم پر حقیقی بہن کو تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کرنے کا الزام
فائل فوٹو
لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن سے سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور بھتا خوری میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا۔
ملزم پر حقیقی بہن کو تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کرنے کا الزام ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے بہن سے مبینہ طور پر خاندانی جائیداد اپنے نام منتقل کرنے اور 25 لاکھ روپے بھتا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کےمطابق درخواست گزار خاتون نے بتایا کہ اس کے بھائی فرقان رزاق نے دھمکی دی تھی کہ خاندانی جائیداد اس کے نام منتقل نہ کی اور 25 لاکھ روپے بھتا نہ دیا تو وہ اس کی نجی ویڈیوز اور تصاویر اس کے شوہر، سسرالیوں اور دیگر رشتے داروں میں پھیلا دے گا۔
ملزم نے اس سے اور اس کی دیگر 3 بہنوں سے اسٹامپ پیپر پر دستخط کرانے کے ساتھ انگوٹھے بھی لگوا لیے تاہم ہراسانی بند کرنےکی یقین دہانی کے باوجود ملزم نے دوبارہ بلیک میلنگ شروع کر دی۔
این سی سی آئی اے ترجمان کا کہنا ہےکہ ملزم کے موبائل فون سے قابل اعتراض وڈیوز برآمد کی لی گئیں۔