کسی بھی گاڑی پر کھلنے والے سولر پینل لگ سکیں گے، ایڈوانس بکنگ شروع
گاڑی پارک کرنے کے بعد محض 10 سیکنڈ میں یہ سسٹم کھل کر 14 سے 15 فٹ تک پھیل جاتا ہے اور بھرپور دھوپ جذب کرتا ہے
فوٹو سوشل میڈیا
لاس اینجلس: الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری چارج کرنے اور اضافی رینج حاصل کرنے کے لیے امریکی کمپنی ڈارٹ سولر نے ایک منفرد اور جدید ماڈیولر سولر روف ریک سسٹم متعارف کراتے ہوئے اس کی ایڈوانس بکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس جدید نظام کی بدولت اب تقریباً کسی بھی الیکٹرک کار، ایس یو وی، وین یا کیمپر پر کھلنے والے سولر پینل باآسانی نصب کیے جا سکیں گے۔
لاس اینجلس میں قائم کمپنی نے کئی سال کی تحقیق کے بعد سلائیڈنگ سولر ماڈیولز کا یہ سسٹم تیار کیا ہے۔ گاڑی چلتے وقت یہ پینلز بند رہتے ہیں اور چھت سے محض ڈیڑھ انچ اونچے ہونے کی وجہ سے ہوا کی مزاحمت پیدا نہیں کرتے جبکہ سفر کے دوران بھی اوپری پینل بجلی بناتا رہتا ہے۔ گاڑی پارک کرنے کے بعد محض 10 سیکنڈ میں یہ سسٹم کھل کر 14 سے 15 فٹ تک پھیل جاتا ہے اور بھرپور دھوپ جذب کرتا ہے۔
ہر ماڈیول میں تین انتہائی باریک پینلز شامل ہیں جو 500 واٹ بجلی پیدا کرتے ہیں۔ ایک عام سیڈان گاڑی پر دو ماڈیولز (1,000 واٹ) جبکہ بڑی گاڑیوں اور وینز پر تین سے چار یا اس سے زائد ماڈیولز (1,500 سے 2,000 واٹ یا زیادہ) لگائے جا سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق صاف موسم میں ایک 500 واٹ کا یونٹ روزانہ تقریباً 2,500 واٹ آور بجلی بناتا ہے جو گاڑی کو 6 سے 7 میل اضافی فاصلہ طے کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اسی طرح 1,000 واٹ کا سیٹ اپ روزانہ 10 سے 20 میل تک اضافی رینج فراہم کرتا ہے، جبکہ چار ماڈیولز کا بڑا سیٹ اپ 24 سے 30 میل تک کا فاصلہ طے کرنے کے لیے کافی بجلی فراہم کر سکتا ہے۔