علی پور میں مبینہ گھریلو ناچاقی پر سنگدل باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو قتل کر دیا

دلخراش واقعہ، ملزم نے بیوی کو بھی زخمی کیا، خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی گئی

November 24, 2026 · جرم وسزا
علی پور میں مبینہ گھریلو ناچاقی پر سنگدل باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو قتل کر دیا

علی پور میں مبینہ گھریلو ناچاقی پر سنگدل باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو قتل کر دیا

علی پور کے علاقے موضع کجی لال میں ایک انتہائی دردناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سنگدل باپ نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع اور بیٹیوں کی پیدائش کے رنج میں اپنی 2 کمسن بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ سیت پور کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے میں یونس نامی شخص نے تیز دھار آلے کے ذریعے اپنی 2 بیٹیوں نصرت اور عائشہ کے گلے کاٹ دیے۔ حملے کے دوران ملزم نے اپنی بیوی نسیم کو بھی چھریاں مار کر شدید زخمی کر دیا اور واردات کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش بھی کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کو حتحراست میں لے لیا ہے جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق موضع کجی لال کے رہائشی یونس کے ہاں پہلے ہی 5 بیٹیاں پیدا ہو چکی تھیں۔ قریبی رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی ایک بار پھر حاملہ ہوئی تھی اور میڈیکل چیک اپ کے دوران انہیں معلوم ہوا تھا کہ آنے والا بچہ بھی بیٹی ہی ہے۔ مبینہ طور پر اسی بات پر ناراض ہو کر ملزم نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔