پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان علی کی چینی اور انگریزی زبان میں ویڈیو وائرل

ویڈیو میں اپنا تعارف کرواتے اور خلائی سفر کے لیے حاصل کی گئی سخت تربیت کی تفصیلات بتاتے دکھائی دیتے ہیں۔

November 24, 2026 · امت خاص
پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان علی کی چینی اور انگریزی زبان میں ویڈیو وائرل

پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان علی کی چینی اور انگریزی زبان میں ویڈیو وائرل

پاکستان کے پہلے خلا باز بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ چینی اور انگریزی زبان میں اپنا تعارف کرواتے اور خلائی سفر کے لیے حاصل کی گئی سخت تربیت کی تفصیلات بتاتے دکھائی دیتے ہیں۔ چین کے خلائی مشن میں ان کی شمولیت کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایکس پر فورم اسٹریٹجک کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں محمد ذیشان علی چینی اور انگریزی زبان میں گفتگو کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خلائی سفر کے لیے انہیں کئی مشکل تربیتی مراحل سے گزرنا پڑا، جن میں سینٹری فیوج ٹیسٹ، ہنگامی حالات میں زندہ رہنے کی مشقیں اور خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنے کے لیے چینی زبان کی خصوصی تربیت شامل ہے۔

محمد ذیشان علی کے مطابق خلائی مشن کے دوران چینی زبان میں تکنیکی ہدایات سمجھنا اور رابطہ کرنا انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اسی لیے انہوں نے اس زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لیے خصوصی تیاری کی۔ ویڈیو میں ان کی چینی زبان میں گفتگو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے لیے پے لوڈ اسپیشلسٹ منتخب کیا گیا ہے۔ یہ مشن 25 نومبر 2026 کو چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔  پاکستانی شہری ذیشان علی چین کے خلائی مشن کا حصہ بن گئے

اس مشن میں ان کی شمولیت پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہوگی، کیونکہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان ہوں گے۔ ان کا خلائی قیام تقریباً ایک ہفتے پر مشتمل ہوگا، جس کے بعد ان کی واپسی شین ژو 23 کے ذریعے متوقع ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق اور سائنسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اب خلائی تحقیق کے میدان میں بھی نئی جہتیں اختیار کر رہا ہے۔