پاکستانی شہری ذیشان علی چین کے خلائی مشن کا حصہ بن گئے
تین رکنی خلائی مشن میں پاکستانی شہری ذیشان علی کے علاوہ چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔
پاکستانی شہری ذیشان علی چین کے خلائی مشن کا حصہ بن گئے
پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی شہری ذیشان علی کو چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کے عملے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مشن کی روانگی 25 نومبر کو شیڈول ہے۔
چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق ذیشان علی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ اس کے ساتھ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری بن جائیں گے۔
تین رکنی خلائی مشن میں پاکستانی شہری ذیشان علی کے علاوہ چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔ خلائی جہاز بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔
ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے، جہاں وہ چینی خلابازوں کے ساتھ مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ چینی خلائی ایجنسی کے مطابق اس مشن کے دوران تقریباً 90 تجربات کیے جائیں گے۔
مشن کے اہم مقاصد میں سابقہ خلائی مشن شینژو 23 کے عملے کے ساتھ مداری تبدیلی، خلائی اسٹیشن کی دیکھ بھال اور سائنسی تحقیق جاری رکھنا شامل ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ خلائی مشن پاکستان اور چین کے درمیان اعتماد اور آہنی دوستی کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں پاکستانی خلابازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خلائی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دونوں خلابازوں سے ملاقات کرکے ان کے انتخاب پر مبارک باد دی تھی۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے حوالے سے فروری 2025 میں سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت دو پاکستانی شہریوں کو چین میں تربیت دینے اور ان میں سے ایک کو خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔