بھارتی رکن اسمبلی کی بیٹی کی شادی میں غیرمعمولی انتظامات اور شاہانہ اخراجات کے چرچے
شادی کی منفرد تیاریاں، 50 لاکھ گلاب جامن تیار ہوں گے، ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے
بھارتی رکن اسمبلی کی بیٹی کی شادی میں غیرمعمولی انتظامات اور شاہانہ اخراجات کے چرچے
بھارتی ریاست بہار کے رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی کے لیے غیرمعمولی اور پرتعیش انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن میں مہمانوں کی تواضع کے لیے 50 لاکھ گلاب جامن کی تیاری اور گھڑ دوڑ کا انعقاد شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت سنگھ المعروف چھوٹے سرکار کی بیٹی شیوانگی کی شادی رشی کیش کمار کے ساتھ 25 نومبر کو پٹنہ کے آبائی گاؤں لادما میں طے ہے، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے مہمانوں کے لیے بڑے پیمانے پر باورچی خانہ قائم کیا گیا ہے جبکہ مٹھائیاں تیار کرنے کے لیے 10 ہزار کلوگرام کی گنجائش والے ٹینکروں کے ذریعے دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مہمانوں کی میزبانی کے لیے مزید 12 خیمے بھی لگائے جا رہے ہیں جبکہ ان کی آمد کے لیے تقریب کے مقام پر ایک ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ شادی کی تقریبات میں ملک بھر سے خصوصی نسل کے گھوڑے شرکت کریں گے اور گھوڑوں کی دوڑ کے فاتح کو ایک تھار گاڑی انعام میں دی جائے گی۔ رکن اسمبلی اننت سنگھ نے شادی کی تقریبات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر شادی کے لیے اس قدر شاہانہ اخراجات کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر متھرا میں ہونے والی ایک اور شادی بھی اپنی انفرادیت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، جہاں یوگیش کمار ٹھاکر نامی شخص نے دلہے کو 100 فٹ لمبے نوٹوں کے ہار کا تحفہ پیش کیا۔ یہ تحفہ شادی کی روایتی رسم گھڑچڑھی کے دوران پیش کیا گیا جس میں دلہا سجی ہوئی گھوڑی پر سوار ہوکر بارات کے لیے روانہ ہوتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دلہے کو پہنایا جانے والا یہ ہار 500 روپے کے کرنسی نوٹوں سے تیار کیا گیا تھا اور اس کی مالیت مبینہ طور پر 1 کروڑ بھارتی روپے تھی۔ اس ہار کے غیر معمولی حجم اور وزن کے باعث اسے اٹھانے اور سنبھالنے کے لیے کئی افراد کی مدد لینا پڑی۔ سوشل میڈیا پر ان منفرد اور شاہانہ شادیوں کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے جہاں کچھ افراد ان تقریبات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں بعض صارفین نے اسے دولت کی غیر ضروری نمائش قرار دیا ہے۔