بلاول کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے، آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، ناصر حسین شاہ

سندھ کی تقسیم نامنظور، پیپلز پارٹی کسی ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، صوبائی وزیر کا واضح مؤقف

November 24, 2026 · قومی
بلاول کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے، آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، ناصر حسین شاہ

بلاول کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے، آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، ناصر حسین شاہ

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے صاحبزادے ہیں اور صدر آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، اس لیے بلاول بھٹو کا موازنہ محسن نقوی سے ہرگز نہ کیا جائے۔ مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول جب اسلام آباد گئے تو بعض حلقوں کی طرف سے بے تکے تبصرے کیے گئے کہ ان کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہو گیا ہے، لیکن اسلام آباد سے واپسی پر انہوں نے سندھ کی تقسیم نامنظور کا مؤقف بھرپور انداز میں دہرایا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، اس کی تقسیم کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے قیام کے حوالے سے کسی قسم کے ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، تاہم جب سندھ اسمبلی پہلے ہی صوبے کی تقسیم کے خلاف واضع قرارداد منظور کر چکی ہے تو اس کے بعد ریفرنڈم کی باتیں بے معنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اردو بولنے والے بھائیوں نے بھی یہ فیصلہ دے دیا ہے کہ سندھ کی تقسیم قبول نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ وفاقی وزیر محسن نقوی نے غلط انداز میں آگے بڑھا کر متنازع بنا دیا ہے، اور انہیں اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا موقف ہے کہ اس حساس معاملے پر ان سے کسی نے کوئی بات ہی نہیں کی، اس لیے محسن نقوی کو اس بحث کی ذمہ داری خود قبول کرنی چاہیے۔