فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا،نئے علاقائی سکیورٹی تعاون کی بازگشت
ملاقات میں علاقائی سلامتی، بحری تحفظ اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا،نئے علاقائی سکیورٹی تعاون کی بازگشت
پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ملائیشیا کے بعد پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کے درمیان ممکنہ سہ فریقی دفاعی تعاون پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات میں علاقائی سلامتی، بحری تحفظ اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کی مسلح افواج کے اسٹاف کالج کے ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر مبارک باد دی۔
انور ابراہیم کے مطابق ملاقات میں مغربی ایشیا کی کشیدہ صورتحال، عالمی بحری سلامتی، سرحدی تنازعات کے حل اور قومی خودمختاری کے احترام پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور تحمل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون، بحری سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں مشترکہ مواقع تلاش کرنا بھی شامل ہے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سرکاری دورہ ملائیشیا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کے بعد بعض صحافیوں اور دفاعی تجزیہ کاروں نے مسلم ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی روابط کو ایک ممکنہ علاقائی سکیورٹی ڈھانچے کے تناظر میں دیکھنا شروع کردیا ہے۔
صحافی اور تجزیہ کار احمد قریشی کے مطابق مشرق وسطیٰ سے جنوب مشرقی ایشیا تک بااثر مسلم ممالک کے درمیان سکیورٹی شراکت داریوں کا ایک نیٹ ورک ابھرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے بقول یہ ممالک امریکہ کے ساتھ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے اپنے علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے بھی تعاون بڑھا رہے ہیں۔
احمد قریشی نے پاکستان اور انڈونیشیا کی حالیہ انسداد دہشت گردی مشقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ بحری سلامتی، انسداد دہشت گردی اور ترکی کے ساتھ ممکنہ سہ فریقی تعاون پر بات چیت کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آر کے بیان میں ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون کا ذکر موجود نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان ممالک کے درمیان مختلف دوطرفہ اور کثیرالجہتی روابط ضرور موجود ہیں، تاہم انہیں کسی باضابطہ فوجی اتحاد کا نام نہیں دیا جا سکتا۔
دفاعی تجزیہ کار زاہد محمود کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا، جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا سمیت دیگر خطوں میں ایک نئے علاقائی سکیورٹی تصور پر پیش رفت دکھائی دے رہی ہے، جس میں پاکستان کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کے درمیان سہ فریقی روابط، مکہ معاہدہ اور دیگر دفاعی تعاون کی کوششیں ایک وسیع تر علاقائی صف بندی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تزویراتی خودمختاری، مشترکہ دفاعی صلاحیت اور علاقائی شراکت داروں کے درمیان تعاون مستقبل کے سکیورٹی نظام کے اہم عناصر بن سکتے ہیں۔
تجزیہ کار علی چشتی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیا میں دفاعی تعاون سے متعلق بحث کو مزید اہمیت دے رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوطرفہ اور سہ فریقی دفاعی شراکت داریوں کے ساتھ مجوزہ مکہ معاہدے سے متعلق پیش رفت پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
علی چشتی کے مطابق ملائیشیا کے پاکستان اور ترکی کے ساتھ دفاعی تعاون سے متعلق بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بھارت اور ملائیشیا کی افواج بھی مشترکہ فوجی مشقیں کر رہی ہیں۔
بھارتی وزارت اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشق ’’ہری ماؤ شکتی‘‘ کا چھٹا مرحلہ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ہے۔ یہ مشقیں 19 نومبر کو شروع ہوئیں اور 30 نومبر 2026 تک جاری رہیں گی۔
یہ ایک دوطرفہ فوجی تربیتی مشق ہے، جو باری باری بھارت اور ملائیشیا میں منعقد کی جاتی ہے۔ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ فوجی تربیت سے آگے بڑھ کر دفاعی سازوسامان اور سکیورٹی تعاون تک پھیل چکے ہیں۔
کوالالمپور میں بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 1993 میں دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی، جو موجودہ دفاعی تعلقات کی بنیادی دستاویز سمجھی جاتی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اگست 2024 میں بھارت اور ملائیشیا نے اپنے تعلقات کو جامع تزویراتی شراکت داری کی سطح تک بڑھایا تھا، جس میں دفاع، سلامتی، معیشت اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔
یوں ایک طرف ملائیشیا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور ترکی کے ساتھ سہ فریقی روابط کی بات کر رہا ہے، تو دوسری جانب بھارت کے ساتھ بھی اس کے فوجی اور تزویراتی تعلقات برقرار ہیں۔
ماہرین کی آرا کے مطابق مسلم ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی روابط علاقائی سلامتی کے نئے امکانات کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم فی الحال ان مختلف معاہدوں اور شراکت داریوں کو ایک باضابطہ فوجی اتحاد قرار نہیں دیا جا سکتا۔