جو پنجاب ملا وہ جادو ٹونے سے چل رہا تھا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

ہونہار، محنتی اور میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو دیکھ کر انہیں فخر اور خوشی محسوس ہوتی ہے۔

November 24, 2026 · اہم خبریں
جو پنجاب ملا وہ جادو ٹونے سے چل رہا تھا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

جو پنجاب ملا وہ جادو ٹونے سے چل رہا تھا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سابقہ صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جو پنجاب ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چل رہا تھا اور اسے موکل چلا رہے تھے۔

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہونہار، محنتی اور میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو دیکھ کر انہیں فخر اور خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ جب پاکستان کا مستقبل ایسے باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج ایک ہزار دن بعد جب وہ طلبہ سے مخاطب ہیں تو الحمدللہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک اڑھائی لاکھ گھر تعمیر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کی کامیابی کے پیچھے محنت، قربانی اور جدوجہد کی الگ کہانی ہے۔ ایک طالبہ نے بتایا کہ والد کی ملازمت ختم ہونے کے بعد اسے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ تعلیم کیسے جاری رکھے، تاہم اسے نو لاکھ روپے کی ہونہار اسکالرشپ مل گئی، جس سے اس کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں تمام طلبہ پر فخر ہے، کیونکہ ان کی کامیابیاں والدین کی قربانیوں اور خود ان کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اب طاقت کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرنے، بدمعاشی اور ڈالہ کلچر کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر کوئی شخص امیر ہونے کی بنیاد پر کسی کو تھپڑ مارنے یا مرد ہونے کے ناتے کسی عورت پر ہاتھ اٹھانے کا حق سمجھتا ہے تو ایسا رویہ اب پنجاب میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے سندھ کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں ایک شخص فٹ پاتھ پر بیٹھی اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا اور اس کے بال کھینچ رہا تھا۔ ان کے مطابق ویڈیو کے نیچے ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اگر مریم نواز ہوتیں تو اب تک اس شخص کا ہاتھ توڑ چکی ہوتیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پنجاب میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے اور کسی کو یہ جرات نہیں ہونی چاہیے کہ وہ کسی کی بیٹی، ماں یا بہن کو تنگ کرے۔

انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پنجاب میں صفائی کے معاملات جادو ٹونے، جھاڑ پھونک، جنوں، چڑیلوں اور ڈائنوں کے ذریعے حل کیے جاتے تھے، جبکہ اب ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دو لاکھ کارکن صفائی کرتے نظر آتے ہیں۔

لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لیپ ٹاپ ان کی محنت اور قابلیت کی بنیاد پر دیے گئے ہیں، اس لیے انہیں سر اٹھا کر وصول کریں۔ یہ حکومت کا احسان نہیں بلکہ ان کا حق اور محنت کا انعام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کوئی بچہ صرف مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ اگر والدین فیس ادا نہ کر سکنے کے باعث بچے کو تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں تو یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہوگی۔