ڈیجیٹل نظام کا تحفظ، پاکستان کا سائبر سیکیورٹی کے سرفہرست ممالک میں شامل ہونا اہم کامیابی ہے، شزہ فاطمہ
سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز، ائیر یونیورسٹی میں سینٹر کا افتتاح، ڈیجیٹل گورننس کا نفاذ جاری ہے
ڈیجیٹل نظام کا تحفظ، پاکستان کا سائبر سیکیورٹی کے سرفہرست ممالک میں شامل ہونا اہم کامیابی ہے، شزہ فاطمہ
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے دنیا کے سرکردہ ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز بھی دن بدن بڑھ رہے ہیں اور اب زندگی کا ہر پہلو اس سے جڑا ہوا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں ڈیٹا کا تحفظ اور سائبر سیکیورٹی ملکی سلامتی کے اہم تقاضے بن چکے ہیں۔ حکومت نے نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی اور سینٹر پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ آج ائیر یونیورسٹی میں سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔
شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ویژن کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جارہی ہے اور ڈیجیٹل نیشن ایکٹ پاس کرنے کے بعد اب ڈیجیٹل گورننس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ میں 3.7 بلین کی حکومتی ادائیگیوں میں 92 فیصد ڈیجیٹل تھیں جبکہ ڈیٹا کی نیشنل رجسٹری بھی کی جا رہی ہے۔ پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر کام شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ معرکہ حق میں روایتی جنگ کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور سائبر محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابی نے ملک کو بڑا اعتماد بخشا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں وائس اور ویڈیو کلوننگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔