ویتنام کے دارالحکومت میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے

گنجان آباد علاقے میں حادثہ، عمارت کا حصہ منہدم، امدادی کارروائیاں جاری

November 24, 2026 · بام دنیا
ویتنام کے دارالحکومت میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے

ویتنام کے دارالحکومت میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگ دا میں کھانا پکانے والی گیس کے مبینہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا 24 نومبر کی صبح تقریباً 8 بجے ایک کھانے پینے کی دکان میں ہوا، جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی مکانات کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ اس خوفناک حادثے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ عمارت کے آس پاس رہنے والے شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔