رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کا نیپال کو جیت کیلیے 169 رنز کا ہدف
15 رنز پر نیپال کی 4 وکٹیں گر گئیں، سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں دم ٹوڑنے لگیں
فوٹو سوشل میڈیا
دوحہ: رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو جیت کیلیے 169 رنز کا ہدف دے دیا، 15 رنز پر نیپال کی 4 وکٹیں گر گئیں۔
دوحہ میں ہونیوالے رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے نیپال اے ٹیم کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ زیادہ کار آمد ثابت نہ ہوسکا اور پاکستان کی پوری ٹیم 42 اوورز میں 168 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے ناقابلِ شکست 64 رنز اسکور کیے، جبکہ حسن نواز 28 اور احمد دانیال 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیپال کی جانب سے راشد خان نے عمدہ بولنگ پرفارمنس دیتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابھیشیش گوتم نے 2 جبکہ سندیپ لمیچنے اور کوشل بھرتل نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز کی ٹیم شاندار فارم میں ہے اور ابتدائی دونوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست ہے۔
دفاعی چیمپئن نے اپنے گزشتہ مقابلے میں روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دی تھی جس میں حسن نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔
دوسری جانب نیپال کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی برقرار ہیں تاہم خراب نیٹ رن ریٹ اس کے لیے بڑا چیلنج ہوگا۔
نیپال کو پہلے میچ میں بھارت اے کے ہاتھوں 306 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس نے متحدہ عرب امارات کو 6 وکٹوں سے ہرا کر کم بیک کیا تھا۔