برطانیہ کا حوثی گروپ اور 4 رہنماؤں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
حوثیوں کی جانب سے برطانیہ کے اتحادیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے نئے حملے ناقابلِ قبول ہیں ، برطانوی وزیر خارجہ
فائل فوٹو
لندن: برطانیہ نے حوثی گروپ انصار اللہ اور اس کے چار رہنماؤں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق حوثی گروپ پر الزام ہے کہ وہ ’جان بوجھ کر مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے برطانیہ کے اتحادیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے نئے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور اس کے لیے انھیں جواب دہ ہونا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’برطانوی حکومت نے اسی مقصد کے لیے آج اقدامات کیے ہیں اور وہ خاموش تماشائی نہیں بنے گی جب حوثیوں جیسے گروہ ایسے اقدامات کریں گے جن سے برطانوی عوام کے لیے زندگی گزارنے کے اخراجات بڑھیں اور وہ جان بوجھ کر مشرقِ وسطیٰ کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں۔‘
برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد ان افراد کو بھی نشانہ بنانا ہے جو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، جن میں یمن میں قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک بھی شامل ہے۔
پابندیوں میں اثاثے منجمد کرنے، انتظامی عہدے رکھنے سے نااہل قرار دینے اور برطانیہ میں داخلے پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں حوثی وزیر داخلہ عبدالکریم الحوثی، گروپ کے سکیورٹی اور انٹیلیجنس ادارے کے سربراہ عبدالحمک الخیوانی، حوثیوں کے مقرر کردہ جج محمد مفلح اور گروپ کے اعلیٰ پراسیکیوٹر سریم الدین مفضل شامل ہیں۔