دوسرا بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت 2026 اسلام آباد میں شروع
پہلے روز کیمرون، جرمنی، عراق، تنزانیہ، ترکیہ، الجزائر، آئیوری کوسٹ، اردن، مراکش، پاکستان، قطر، ٹوگو، تیونس اور ایتھوپیا کے قراء نے تلاوت قرآن کریم پیش کی
اسلام آباد: دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت 2026 کا اسلام آباد میں آغاز ہوگیا، تین روزہ عالمی مقابلے کے پہلے روز 13 ممالک کے ممتاز قراء نے خوبصورت آوازوں میں قرآن کریم کی تلاوت پیش کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ قرآن کریم سے وابستگی اور اس کی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیم، ترویج اور تحفظ کو قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، قرآن مجید کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے اور ملک بھر میں معیاری نسخے کے نفاذ کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق قومی سطح پر حفظ و قرأت کے مقابلوں کے ذریعے نوجوان حفاظ اور قراء کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جبکہ قرآن و سیرت کے علمی ذخیرے کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
مقابلے کے پہلے روز کیمرون، جرمنی، عراق، تنزانیہ، ترکیہ، الجزائر، آئیوری کوسٹ، اردن، مراکش، پاکستان، قطر، ٹوگو، تیونس اور ایتھوپیا کے قراء نے تلاوت قرآن کریم پیش کی۔
بدھ 25 نومبر کو انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، فرانس، گیمبیا، ملائیشیا، مالدیپ، مالی، فلسطین، فلپائن، مصر، گنی، کینیا، لیبیا، موزمبیق، نائیجیریا، جمہوریہ چاڈ اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کے قرا اپنی تلاوت پیش کریں گے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ ایسے عالمی اجتماعات امت مسلمہ کے اتحاد، باہمی اخوت اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان علمی و روحانی روابط کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔