لیبیا کے قریب کشتی ڈوبنے سے 22 پاکستانی نوجوانوں کی اموات کا خدشہ

متعدد افراد لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات موصول

November 25, 2026 · قومی
لیبیا کے قریب کشتی ڈوبنے سے 22 پاکستانی نوجوانوں کی اموات کا خدشہ

لیبیا کے قریب کشتی ڈوبنے سے 22 پاکستانی نوجوانوں کی اموات کا خدشہ

 

لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی حادثے کے بعد باجوڑ کے 22نوجوانوں کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان ہلاکتوں کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ جاں بحق افراد کی حتمی شناخت سامنے آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق کشتی میں تقریباً 120 افراد سوار تھے اور حادثہ لیبیا کے مشرقی ساحل کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارت اوور سیز کےحکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی ریکوری کے لیے آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں متعلقہ حکام، نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا تعاون حاصل ہے، میتوں کی جلد وطن واپسی اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، متاثرہ نوجوانوں کی مدد اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کل خصوصی اجلاس ہوگا۔

مبارک زیب خان نے کہا کہ لیبیا کشتی حادثے کے بعد محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کیا ہے، باجوڑ کا ہر نوجوان ہمارے لیے قیمتی ہے، اس کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جاں بحق افراد کی مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی لیبیا کشتی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، کشتی حادثے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کےخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔