وزیراعظم نے مجھے وزیر داخلہ کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے، رانا ثناء اللہ
سیاسی کشیدگی میں اضافہ، خواجہ آصف کی تنقید، نئے صوبوں پر بحث جاری۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی فائل فوٹو
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کر دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا تھا کہ ان کا محسن نقوی کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا یا اختلاف نہیں ہے اور ان کے ساتھ 20، 22 سال پرانا تعلق ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر رسمی گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے اور جس دن انہوں نے جواب دیا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ اس بیان کے ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے سوال اٹھایا تھا کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر تبصرہ نہ کیا جائے، اور مؤقف اپنایا تھا کہ وہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے ریمارکس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کو دھمکی آمیز زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ یہ سیاسی رویہ نہیں ہے، جبکہ صوبائی معاملات کو نمٹانے کے انداز پر بھی پارٹی کے اندر بے چینی پائی جاتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے ایک اور نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بنائے جا سکتے بلکہ نئے صوبے صرف آئین کے تحت ہی تشکیل دیے جائیں گے۔