ہیکرزنے امریکی انٹیلی جینس اداروں کے نیٹ ورک میں گھس کرمعلومات اڑالیں

یہ واقعہ پے در پے سکیورٹی بحرانوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے

November 25, 2026 · بام دنیا
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے سمیت دو انٹیلی جینس اداروں پر سائبر حملہ ہوگیا۔فاکس نیوز کے مطابق سی آئی اے کا انٹیلی جنس تجزیے کیلئے استعمال ہونے والا نیٹ ورک زد میں آیا۔ امریکا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے وارنٹس اور پس منظر کی جانچ پڑتال سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے اسی ڈیٹا بیس پر انحصار کرتے ہیں۔

یہ واقعہ سائبر حملوں اور پے در پے سکیورٹی بحرانوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے، جنہوں نے واشنگٹن کے حکومتی اور خفیہ اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

فاکس نیوز کے مطابق ہیکرز نے نیٹ ورک سے خفیہ معلومات چرانے کی کوشش کی تاہم سی آئی اے اور نیشنل انٹیلی جنس نے سائبر سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا سراغ لگالیا ہے۔دوسری جانب امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا ایک بنیادی ذریعہ سمجھے جانے والے مجرمانہ معلومات کے ڈیٹا بیس پر مبینہ سائبر حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ، سی آئی اے (CIA) اور آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس (ODNI) نے سائبر سیکیورٹی کی ایک ایسی خلاف ورزی (ہیکنگ) کا پتہ لگایا ہے جس کے نتیجے میں ان کی کچھ غیر خفیہ (اَن کلاسیفائیڈ) معلومات افشا ہو گئی ہیں۔

امریکی اخبار “نیو یارک ٹائمز” کے مطابق، سائبر حملے نے ایک ایسے نیٹ ورک کو متاثر کیا ہے جو عوامی سطح پر دستیاب غیر خفیہ مواد میں سے انٹیلی جنس معلومات تلاش کرتا ہے۔اخبار نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خاص طور پر کون سا غیر خفیہ مواد متاثر ہوا ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس حملے میں دیگر سرکاری اداروں کی معلومات بھی افشا ہوئی ہیں۔

اس بارے میں او ڈی این آئی (ODNI) نے کہا کہ اہم صلاحیتوں یا خفیہ نظاموں میں کوئی خلل نہیں پڑا ۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سائبر حملے کے نتیجے میں سی آئی اے کے ایک ایسے کمپیوٹر نظام تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی جو غیر خفیہ اوپن سورس معلومات جمع کرنے اور ان کا تجزیہ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں کوئی خفیہ معلومات متاثر نہیں ہوئیں اور سکیورٹی کی خامی دور کر دی گئی ہے۔

سی آئی اے کا مذکورہ نظام عوامی طور پر دستیاب معلومات سے متعلق انٹیلی جنس سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق، ذرائع نے بتایا کہ مبینہ ہیکرز کی جانب سے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر یعنی این سی آئی سی کے نظام پر کیا گیا یہ حملہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔

حال ہی میں ایف بی آئی (FBI) میں بھی دو الگ الگ سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے، پینٹاگون اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی بھی سائبر واقعات کی زد میں آ چکے ہیں۔

جرید ہ فوربزکا کہناہے کہ امریکی حکام نے بارہا یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایسے کوئی شواہد موجود نہیں جن سے یہ ظاہر ہو کہ حال ہی میں این ایس اے (NSA)، ایف اے اے (FAA)، متعدد بینکوں اور مائیکروسافٹ کو متاثر کرنے والی تکنیکی خرابیوںکے پیچھے بدنیت عناصر کا ہاتھ کارفرما تھا، بلکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ خرابیاں سسٹم اپ گریڈز کے نتیجے میں پیش آئیں۔

ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے گزشتہ ہفتے ایوانِ نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے سامنے گواہی دیتے ہوئے قانون سازوں کو بتایاتھاکہ آج تک ہمارے پاس جو معلومات ہیں اور انتہائی باریک بینی سے کی گئی تحقیق کے بعد، یہ مرمت (مینٹیننس) اور تکنیکی تبدیلیوں سے جڑی الگ الگ سروس خرابیاں ہیں۔ یہ کوئی منظم یا کسی ریاست کی سرپرستی میں کیا گیا حملہ نہیں ۔

وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ان خرابیوں کا کسی سائبر مجرم سے کوئی تعلق نہیںاور ہر واقعہ الگ نوعیت کا ہے، اور ان کی وجوہات مختلف ہیں۔دوسری جانب، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے بظاہر اس بات کی تصدیق کی کہ ایف بی آئی کا ‘نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر، جو ملک بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا مرکزی نظام ہے، ہیک کر لیا گیا تھا۔ انہوں نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہاکہ میں یہ ضرور کہوں گا کہ یہ اچھا نہیں ، مجھے یہ پسند نہیں آیا۔