امریکی فوجی اڈے میں 13 افراد کے قتل پر سابق میجر کی طرف سے سزائے موت پر عملدرآمد رکوانے کی درخواست دائر

عدالت آج سماعت کرے گی

November 25, 2026 · بام دنیا
امریکی فوجی اڈے میں 13 افراد کے قتل پر سابق میجر کی طرف سے سزاپر عمل رکوانے کی درخواست دائر

امریکی فوجی اڈے میں 13 افراد کے قتل پر سابق میجر کی طرف سے سزاپر عمل رکوانے کی درخواست دائر

امریکی فوجی اڈے پر 13 افراد کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق میجر نضال حسن نے سزا پر عملدرآمد رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ نضال کی درخواست پر عدالت آج سماعت کرے گی۔

نضال حسن کی سزائے موت پر عملدرآمد 3 دسمبر کو ہوناہے۔ امریکی فوج کے سرکاری اعلان کے مطابق نضال کو 3 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہُڈ میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔

نضال حسن اس وقت ریاست کینساس کے فوجی اڈے فورٹ لیون ورتھ میں قید ہیں۔ امریکی قانون کے مطابق کسی قیدی کو سزائے موت کی تاریخ اور طریقہ بتائے جانے کے بعد اپنی سزا اور قید کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ اس قانونی درخواست کو ’ہیبیئس کارپس‘ کہا جاتا ہے۔

نضال حسن نے گزشتہ روز عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی سزا کو عدالت میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی وفاقی جج انتھونی میٹیوی نے درخواست آج (بدھ) سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔ اگر عدالت نے ان کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے دیا تو اس پر عمل درآمد کئی ماہ یا برسوں تک مؤخر ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس اکتوبر میں نضال حسن کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کی منظوری دی تھی۔