آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکراکر تباہ
واقعات جنوبی اور مشرقی ساحلوں کے قریب پیش آئے
تصویر: سوشل میڈیا
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ۔بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جب دونوں ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوبی اور مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب مبینہ طور پر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جہاز اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر کے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب نے فوری طور پر ٹینکروں کی شناخت یا جانی و مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ، ٹینکرز نے ایک غیرمجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کی تھی ۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘ارنا کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا کہ منگل کے روز آبنائے ہرمز کے قریب غیر مجاز راستے پر سفر کرتے ہوئے ایک کنٹینر بحری جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد رک گیا تھا۔ سرکاری میڈیا نے اس سے قبل مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا تھا کہ اس جہاز کو نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹم بند کرنے اور بحری ٹریفک کی ہدایات پر عمل کرنے سے انکار کے بعد نشانہ بنایا گیا تھا۔
ارنا کے مطابق، ایرانی فوج نے منگل کو رات کے وقت آبنائے ہرمز کے اوپر دو مختلف امریکی ڈرون مار گرائے تھے۔ مغربی آبنائے ہرمز کے اوپر جارح امریکی دشمن کا ایک لوکاس (Lucas) ڈرون تباہ کیا گیا، ایک الگ کارروائی میں مشرقی آبنائے ہرمز کے اوپر ایم کیو-9 ڈرون کو نشانہ بنا یا گیا۔