فیصل آباد کے ہوٹل میں خاتون کی پراسرارہلاکت کانامزد ملزم گرفتار۔زیادتی اورقتل کی دفعات عائد

مقتولہ کو مبینہ طور پر کینال روڈ سے اغوا کیا گیاتھا

November 25, 2026 · قومی
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

فیصل آباد میں سوساں روڈ پر واقع راج ون ہوٹل کے کمرہ نمبر 202 میں 35 سالہ خاتون آمنہ سلیم کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقتولہ کے شوہر بلال کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم رحمان علی کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ 13 نومبر کو خریداری کے لیے گھر سے نکلی تھی،جسے مبینہ طور پر کینال روڈ سے اغوا کرکے ہوٹل لے جایا گیا،جہاں مبینہ تشدد کے نتیجے میں اس کی موت ہوئی۔پولیس نے ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی۔مزید تفتیش جاری ہے ، پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں حقائق کا تعین کیا جائے گا۔

پولیس نے مقدمے میں اغواءجبری زیادتی اور قتل کی دفعات شامل کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔14 نومبر کو ہوٹل کے کمرے سے لاش برآمد ہوئی تھی۔پولیس نے ابتدائی روزنامچہ رپورٹ میں اسے بظاہر زیادہ نشہ کرنے کی وجہ سے ہلاکت قرار دیااور 174 ضابطہ فوجداری کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔