حیدرآبادکنگزمین کاپی ایس ایل 12میں ڈائریکٹ سائننگ نہ کرنے کا اعلان
اہم پیش رفت، فرنچائز نے باضابطہ بیان جاری کر دیا، راولپنڈیز نے آسٹریلوی کھلاڑی کو شامل کر لیا۔
پی ایس ایل 12 کے سلسلے میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈیز کی ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے حوالے سے فرنچائزز کی تیاریاں اور تبدیلیاں تیزی سے جاری ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین نے پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ میں حصہ نہ لینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
باضابطہ بیان کے مطابق حیدرآباد کنگز مین پی ایس ایل 12 میں ڈائریکٹ سائننگ نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے 23 نومبر کی تاریخ آخری مقرر کی گئی تھی اور اس دوران پی ایس ایل کی متعدد فرنچائزز نے کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں میں پک کر لیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ ونڈو میں فرنچائزز کو ایک ایسے غیر ملکی یا مقامی کھلاڑی کو براہ راست ٹیم کا حصہ بنانے کا موقع فراہم کیا گیا تھا جو گزشتہ دو ایڈیشنز میں لیگ کا حصہ نہ رہا ہو۔
دیگر فرنچائزز نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کے سلسلے میں راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو براہِ راست اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن ہونے والے 31 سالہ میتھیو شارٹ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی قیادت کرتے ہیں اور مسلسل دو سیزنز، بی بی ایل 12 اور 13 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹر نے بی بی ایل کے 95 میچز میں 141.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2466 رنز اسکور کیے ہیں جن میں 2 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ وہ 38 وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ راولپنڈیز کے ہیڈ کوچ ایڈم ووگس کے مطابق میتھیو شارٹ ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں اور اننگز کے آغاز میں حریف بولرز پر دباؤ ڈالنے کی بھرپور صلاحیت کے حامل ہیں۔ یاد رہے کہ شارٹ کو 2025 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی منتخب کیا تھا تاہم وہ پی ایس ایل 10 میں شرکت نہیں کرسکے تھے اور اب وہ راولپنڈیز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔ علاوہ ازیں، آئندہ سال منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ 12 کے افتتاحی میچ کے علاوہ مزید میچز بھی پشاور میں کھیلے جائیں گے۔