ایڈمن سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات جاری، شکایت کرنے والوں کو ہراساں کرنے کا انکشاف

منہدم عمارت کی چھٹی منزل مکمل، ساتویں منزل پر تعمیرات جاری تھیں، پڑوسی مصطفیٰ کا انکشاف

November 26, 2026 · قومی

ایڈمن سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات جاری، شکایت کرنے والوں کو ہراساں کرنے کا انکشاف

کراچی کی ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ان تعمیرات کے خلاف شکایت کرنے والے رہائشیوں کو مبینہ طور پر ہراساں کیا جاتا ہے۔ منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے پڑوسی مصطفیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ شکایت کرنے پر بلڈرز کے افراد رہائشیوں کے گھروں تک پہنچ جاتے ہیں یا راستے میں روک کر دھمکاتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نے بتایا کہ منہدم ہونے والی عمارت گزشتہ روز دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے گری۔ حادثے کے وقت عمارت میں 60 سے 70 مزدور کام کر رہے تھے، جن میں سے متعدد ملبے تلے دب گئے۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کی چھٹی منزل مکمل ہوچکی تھی، جبکہ ساتویں منزل پر کمرہ نما تعمیرات جاری تھیں۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر وزراء نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تاہم عمارت کے مالکان ذیشان اور عمر جاوید واقعے کے بعد سے غائب ہیں۔

مصطفیٰ کے مطابق ایڈمن سوسائٹی جیسے پوش علاقے میں پرانے بنگلے خرید کر مبینہ طور پر بلیک منی کے ذریعے سات سے آٹھ منزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ منہدم عمارت کے عقب اور اطراف میں بھی تین سے چار کثیر المنزلہ عمارتیں زیر تعمیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعلقہ اداروں کو تحریری شکایات اور درخواستیں جمع کرائیں، لیکن اب تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی ان عمارتوں کو منہدم کیا گیا ہے۔

مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ علاقے میں بلڈرز کا خوف پایا جاتا ہے اور لوگ شکایت کرنے سے بھی گھبراتے ہیں۔ اگر کوئی رہائشی پلاٹوں پر کثیر المنزلہ تعمیرات کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو بلڈرز کے افراد اس کے گھر پہنچ جاتے ہیں یا راستے میں روک کر ہراساں کرتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔