ملک بھر میں تمام صارفین کے لیے بجلی تین روپے یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

اکتوبرمیں ایل این جی پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے رہی

November 26, 2026 · قومی

ملک بھر میں تمام صارفین کے لیے بجلی تین روپے یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، جبکہ حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے اور تین ماہ کے لیے اس میں استحکام لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تین ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا اوسط قومی ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے رہ گیا۔ اس طرح قومی اوسط بجلی ٹیرف میں 8 روپے 76 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہوگیا، جبکہ مارچ 2024 سے مارچ 2026 تک صنعتی بجلی کے ٹیرف میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔ اس عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔

پاور ڈویژن کے مطابق سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے اور بعض سرد مہینوں میں بجلی کی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے تجاوز کرجاتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا فارورڈ لکنگ میکنزم بھی تجویز کیا ہے، جس کی منظوری کے بعد نیپرا کو نئے میکنزم سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی ہے، جس کے تحت بجلی کی پیداواری لاگت بڑھنے کے باعث صارفین کے لیے فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے فی یونٹ، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے جبکہ ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی۔

بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع کے حصے سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں ہائیڈل بجلی کی پیداوار کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہوکر 26.2 فیصد رہ گیا، جبکہ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 14.8 فیصد سے کم ہوکر 12.7 فیصد ہوگیا۔

درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 11.4 فیصد سے بڑھ کر 14.6 فیصد ہوگیا، فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 140.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 8.3 فیصد سے بڑھ کر 10.1 فیصد ہوگیا۔

آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 47.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیوکلیئر بجلی کا حصہ 16.8 فیصد سے بڑھ کر 19.5 فیصد ہوگیا۔ ونڈ پاور سے بجلی کی پیداوار میں 80.5 فیصد اور سولر بجلی کی پیداوار میں 74.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایرانی بجلی کی درآمد کا حصہ بھی 0.4 فیصد سے بڑھ کر 0.5 فیصد ہوگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10.66 ارب کلوواٹ رہی، جبکہ نومبر میں یہ پیداوار 10.74 ارب کلوواٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح بجلی کی مجموعی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اضافہ ہوا۔