وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ورچوئل یونیورسٹی کے 128 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم

جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ڈاکٹر ارشد سلیم

November 26, 2026 · کامیابی کی داستاں
وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ورچوئل یونیورسٹی کے 128 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ورچوئل یونیورسٹی کے 128 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم

 

وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے 2 ہزار 349 طلبہ کی تصدیق مکمل کر لی گئی ہے، راولپنڈی ڈومیسائل کے حامل 128 منتخب طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں ورچوئل یونیورسٹی کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی (ستارہِ امتیاز، تمغۂ امتیاز) نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

راولپنڈی کے 128 طلبہ کا انتخاب وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ خصوصی تقریب کے موقع پر کیا گیا تھا، جس کے بعد ورچوئل یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ طلبہ کے حوالے کیے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ڈیجیٹل سہولیات طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری، تحقیق کے نئے مواقع سے استفادے اور جدید ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں، جو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے ناگزیر ہیں۔

لیپ ٹاپ اسکیم ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور باصلاحیت طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ورچوئل یونیورسٹی کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جغرافیائی اور سماجی و معاشی رکاوٹوں سے بالاتر ہو کر معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی ممکن بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کم کرنے اور سستی و معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یونیورسٹی میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جنہیں جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکیم کے تحت اہل طلبہ کی تصدیق اور انتخاب کا عمل حکومتِ پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن (ایچ ای ڈی) کی جانب سے مقررہ معیار کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ دیگر اہل طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم متعلقہ اضلاع میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کے جاری کردہ شیڈول اور ہدایات کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ نے حکومتِ پنجاب اور ورچوئل یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے انہیں تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں نمایاں مدد ملے گی۔