نظام جمہوری اور سیاسی انداز میں ری سیٹ ہوناچاہیے، بلاول
چیئر مین پیپلزپارٹی کا ملتان میں خطاب
نظام جمہوری اور سیاسی انداز میں ری سیٹ ہوناچاہیے، بلاول
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر نظام کو ’ری سیٹ‘ یا ’ری بوٹ‘ کرنا ہے تو یہ عمل جمہوری اور سیاسی انداز میں ہونا چاہیے، نہ کہ غیر سیاسی طریقے سے۔ملتان میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر ’ری سیٹ‘ کرنے کا عمل سیاسی ہو گا تو تمام سیاسی فریقوں کو اس مکالمے میں شامل کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس میں حکومتی جماعت اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی شریک کرنا ہو گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بات پر بھی غور کرنا ہو گا کہ پارلیمان پر عوامی اعتماد کیسے بحال کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوال اٹھایا کہ حکومت اعتماد سازی کے لیے اپوزیشن کو کون سے اقدامات کی پیشکش کر سکتی ہے اور ایسے نظام پر، جس پر بعض جماعتوں کو اعتماد نہیں، دوبارہ اعتماد کیسے قائم کیا جا سکتا ہے؟
انھوں نے کہا کہ اگر پارلیمان کو فعال بنانا ہے تو تمام فیصلے ملک کی پارلیمان میں ہی ہونے چاہییں۔ ان کے بقول ’اگر فیصلے پارلیمان سے باہر کروائے یا طے کیے جائیں گے تو پھر یہ نظام مسائل کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے گا۔’
’میٹ دی پریس‘ خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس وقت پورا پاکستان معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور ملک کو مزید اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ مزدور بھی اپنی محنت کا پورا صلہ حاصل نہیں کر پا رہا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی فریقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی توجہ اس اہم مسئلے پر مرکوز کریں اور اس بات پر غور کریں کہ مشکل حالات میں عوام پر پڑنے والا معاشی بوجھ کس طرح کم کیا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو اس قابل بنایا جانا چاہیے کہ وہ موجودہ حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔