پشاور میں شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والا دولہا گرفتار
فقیر آباد اور پہاڑی پورہ میں کارروائیاں، اسلحہ برآمد، 18 ملزمان دھر لیے گئے، پولیس نے سخت وارننگ جاری کر دی
پشاور میں شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والا دولہا گرفتار
پشاور میں شادی کی تقریبات کے دوران قانون شکنی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دولہے سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں فقیر آباد اور پہاڑی پورہ کے علاقوں میں کی گئیں جہاں شادی کی خوشیوں کے نام پر قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھیں اور سرعام ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی۔ گرفتار ہونے والوں میں وہ دولہا بھی شامل ہے جس کی شادی کی تقریب میں یہ قانون شکنی کی گئی تھی۔
پشاور پولیس نے اس واقعے کے بعد شہریوں کے لیے ایک واضح پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شہری اپنی خوشیاں ضرور منائیں مگر گولیاں چلانے سے گریز کریں۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین جرم ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، بلکہ قانون شکنی کرنے والوں کو سیدھا جیل جانا ہوگا۔