سوات: اتروڑ میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل، سگا باپ ہی قاتل نکلا

دورانِ تفتیش والد نے بیٹی کے کردار پر شک کی بنا پر اسے غیرت کے نام پر فائرنگ کا نشانہ بنایا ،پولیس

November 29, 2026 · قومی
فوٹو امت

سوات کے علاقے اتروڑ میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، پولیس کے مطابق مقتولہ کا والد ہی مبینہ قاتل نکلا، جسے گرفتار کر کے آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق 27 نومبر کو ثمر باغ اتروڑ سے حبیبہ بی بی نامی خاتون کی لاش ملی تھی، جس کا مقدمہ 28 نومبر کو تھانہ اتروڑ میں درج کیا گیا،آر پی او ملاکنڈ زاہد نواز مروت اور ڈی پی او اپر سوات اختر جمیل کے احکامات پر ایس ڈی پی او مدین نے ایس ایچ او کالام کے ہمراہ تفتیش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش والد نے بیٹی کے کردار پر شک کی بنا پر اسے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

مقدمے میں دفعہ 302/34 کے ساتھ دفعہ 311 تعزیراتِ پاکستان اور 15 اے اے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔