اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایئربلیو حادثہ معاوضہ ادائیگی کیس میں136 متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی تفصیلات طلب کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایئربلیو حادثہ معاوضہ ادائیگی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کی۔ ایئربلیو کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہو کر سانحہ ایئربلیو متاثرین کے امدادی چیک عدالت میں پیش کئے اور موقف اختیار کیا کہ متاثرین کوفی کس 50 لاکھ کی امداد دی ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ بقیہ 10متاثرین کے چیک عدالت میں پیش کردیئے ہیں۔سپریم کورٹ نے اپنے ریماکس میں کہا متاثرین کو صرف امداد نہیں مارک اپ بھی دلوائیں گے۔ چیف جسٹس نے ایئربلیو کے136 متاثرین کو دیئے گئے معاوضے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔