عمران خان اور نواز شریف دونوں ہی لاڈلے ہیں۔میاں افتخار حسین

پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہاکہ نواز شریف اور عمران خان دونوں ہی لاڈلے ہیں اب ایک لاڈلا پرانا ہو چکااس لئے نیا لاڈلا بنا لیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ وزرت عظمی مذاق نہیں جو انہیں طشتری میں رکھ کر پیش کر دی جائے، عمران خان کو سمجھ جانا چاہئے کہ ان کی قسمت میں وزارت عظمیٰ ہے ہی نہیں۔ میاں افتخار حسین کاکہناتھاکہ ملک میں جمہوریت کو خطرات درپیش ہیں ،اگر ایسی صورتحال میں الیکشن ملتوی کئے گئے تو ملک خطرات سے دوچار ہو جائے گا، یہ باز گشت جہاں سے بھی اٹھی ہے اسے رد کیا جائے اور انتخابات کا وقت مقررہ پر انعقاد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے اپنا کردار ادا کریں، تمام اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اے این پی واحد جماعت ہے جو پختونوں کی بقا اور ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ سے لڑتی آئی ہے اور مستقبل میں بھی پختونوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑی اور کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا۔