اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران ملکی سلامتی اور معاشی صورت حال سمیت 27 نکاتی ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں فاٹا اصلاحات کا ایجنڈا سہرفہرست تھا۔ اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کے تقرر کے لیے قواعد وضوابط کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں اسلحہ کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے اور اسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی صحت یابی کے بعد شریک ہوئے جو چند دنوں پہلے قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ارکان کابینہ نے گرمجوشی سے احسن اقبال کا استقبال کیا اورصحت یابی پرانہیں مبارکباد دی۔