بچے کی جان بچانے والا راتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گیا

کربھلا ہو بھلا ۔۔ پیرس میں بالکونی سے لٹکے 4 سالہ بچے کی جان بچانے والا سیاہ فام شخص راتوں رات ہیرو بن گیا ۔

22 سالہ ممودو گساما کا تعلق افریقی ملک مالی سے ہے اور وہ فرانس میں ایک تارک وطن ہے مگر اس کارنامے کے بعد اسےفرانسیسی شہریت دی جائے گی۔

ممودو گساما نے جب ایک عمارت کی چوتھی منزل کے باہر لٹکتے ہوئے چارسالہ بچے کو باہرسے عمارت پر چڑھ کر بچایا تو اس کی اس کاوش کو بہت سرایا گیا ۔

ایک ویڈیو میں اسے ایک بالکونی سے دوسری بالکونی پر چڑھتے ہوئے چوتھی منزل تک پہنچتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ وڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی اوراسے مقبولیت کی بلندیوں پرلے گئی ۔

اس واقعے کے بعد فرانسیسی صدر امینوئل میکخواں نے اس سے ملاقات کی اورکہا کہ اسے فرانس کی شہریت دی جائے گی ۔فرانسیسی صدرنے ذاتی طورگاساما کا شکریہ ادا کیا  اوراس کی بہادری پراسے تمغے سے بھی نوازا، اسے محکمہ فائر بریگیڈ میں ملازمت کی پیشکش بھی کی گئی۔

ممودو گساما کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گذشتہ سال فرانس آیا تھا ۔ وہ بحیرۂ روم کے راستے کشتی پرطویل اور خطرناک سفر کرتے ہوئے اٹلی پہنچا تھا ۔ گساما نے بتایا کہ وہ اس علاقے سے گزررہا تھا کہ اس نے ایک عمارت کے سامنے لوگوں کا ہجوم دیکھا۔ اسں نے صدرمیکخواں کو بتایا کہ اس کے پاس سوچنے کا وقت نہیں تھا اور وہ بھاگ کرسڑک کے دوسری جانب گیا اوربچے کوبچالیا۔اس کا کہنا تھا کہ وہ اوپرچڑھا اورخدا کا شکر ہے کہ اس نے میری اوربچے کی مدد کی۔ جیسے جیسے وہ اوپرچڑھتا گیا اسکے اندرمزید اوپرجانے کا حوصلہ پیدا ہوتا گیا۔

اس نے جب بچے کو بچایا تو وہ رو رہا تھا اور اس کے پاؤں میں چوٹ بھی لگی ہوئی تھی۔ جب فائرفائٹرز پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ بچے کو پہلے ہی بچا لیا گیا ہے۔

فائرفائٹرز کے ترجمان نے کہا کہ خوش قسمتی سے وہاں کوئی ایسا موجود تھا جو صحت مند تھا اورجس کے اندراتنا حوصلہ تھا کہ وہ بچے کو بچاسکے۔

جس وقت بچے کوبالکونی سے گرنے سے بچایا گیا اس وقت بچے کے والدین گھر پرنہیں تھے اور وہ اکیلا اس مصیبت میں مبتلا ہوگیا تھا ۔

پیرس کی خاتون میئراین ہدالگو نے بھی گاساما کی بہادری کی تعریف کی ہے اور اسے 18ویں کا اسپائیڈرمین کہا ہے جس سے مراد پیرس کا وہ علاقہ جہاں ہے واقعہ پیش آیا تھا۔ میئر کی جانب سے اسے تمام شہریوں کے لئے ایک مثال بھی قراردیا گیا ہے۔