نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے ناصر محمود کھوسہ کی معذرت

لاہور: سابق بیورو کریٹ ناصر محمود کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔ دوسری جانب ن لیگ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ناصر محمود کھوسہ کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی سے متعلق سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر محمود کھوسہ نے کہا کہ ان کی نامزدگی واپس لےکر انہیں میڈیا میں متنازع بنا دیا گیا۔
سابق چیف سیکریٹری نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا۔ اگر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب کے لئے ان کا نام تجویز کرنے سے پہلے مشاورت کرلئے جاتے تو بہتر ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے نگراں وزیراعلیٰ کو سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل ہونا چاہئے، حالیہ پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں وہ نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناصر کھوسہ کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناصر کھوسہ کا نام حتمی مشاورت کے بعد بھیجا گیا اور یہ نام تحریک انصاف نے ہی دیا تھا جبکہ ناصر محمود کھوسہ کا نام بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ناصر کھوسہ کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے کا آئینی تقاضہ پورا ہوگیا ہے۔ لہٰذاان کا نام کسی صورت واپس نہیں لیا جاسکتا۔