پانی کی فراہمی کی کمی پر چیف جسٹس ثاقب نثار کا نوٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملک میں پانی کی فراہمی کی کمی کا ازخود نوٹس لیتےہوئے کیس کی سماعت 7 جون کو مقرر کرکے نوٹس جاری کردیے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کو نو ٹس جاری کیے گئےہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے از خود نوٹس کی سماعت کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد رجسٹریز میں ہوگی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانی کی قلت اور ڈیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار بیرسٹر ظفراللہ نے مؤقف اپنایا کہ ہم پانی کی ایسی صورتحال کو دیکھتے رہے تو مرجائیں گے، 48 سال ہو گئے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا۔
اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتےہوئے کہاکہ کسی پارٹی کے منشور میں بھی پانی کا ذکر نہیں، پانی کے ایشو سے زیادہ کوئی ایشو اہم نہیں، یہ ذہن نشین کر لیں آج سے ہماری ترجیحات میں سب سےاہم پانی ہے، ہم نے اپنے بچوں کو پانی نہ دیا تو کیا دیا؟ پانی ہمارے بچوں کا بنیادی حق ہے۔