لاہور: نگراں وزیراعلی پنجاب کے تقرر کے لیے چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،کمیٹی میں تین ارکان سابقہ حکومت اور تین تحریک انصاف سے ہیں۔کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
کمیٹی تین دن میں مشاورت کے بعد نگراں وزیر اعلی پنجاب کا تقرر کرے گی۔کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثنا اللہ ، خواجہ عمران نذیر اور محمد احمد جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے میاں محمود الرشید ، سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے نگراں وزیراعلی کے لیے سابق نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائر علی جبکہ تحریک انصاف نے ایاز امیر اور حسن عسکری کے نام دیے ہیں۔