چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے نادرا کو پرویز مشرف کے بلاک شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو کھولنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پرویز مشرف کی پاکستان واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیئرمین نادرا نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اورپاسپورٹ بلاک کردیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے ان کی وطن واپسی ممکن نہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشرف کو واپسی کیلئے تحفظ دیا تھا ،ائیرپورٹ سے عدالت تک سابق صدر کو گرفتار نہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مشرف واپس آئیں اورمقدمات کا سامنا کریں ۔
عدالت نے سابق صدرکے بلاک شناختی کارڈاور پاسپورٹ کو کھولنے کا حکم دے دیا عدالت نے پرویزمشرف کے ٹرائل کیلئے 2روزمیں ٹربیونل قائم کرنے کاحکم بھی دے دیا۔