ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے کارروائی کرکے اغوا ہونے والے 4 سالہ بچے کو بازیاب کرالیا جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے تاوان کی غرض سے اغوا ہونے والے 4سالہ بچے کو بازیاب کر کے والدین کے حوالے کردیا ہے جبکہ اغوا برائے تعاون کی کارروائی میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد نواز چیمہ نے نے بتایا کہ 4سالہ عبدالحنان کو 5مئی کو دو مسلح افراد گھر میں گھس کر اغوا کرکے لے گئے تھے اور گزشتہ چند روز سے ملزمان بچے کے والد محمد ساجد کو تاوان کے لئے فون کررہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان فون کالز کے ذریعے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی اور بچے کو باحفاظت بازیاب کرا کےپولیس لائن میں والد کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق اغوا برائے تعاون کی کارروائی میں گرفتار ملزمان میں ایک خاتون اور دو مرد شامل ہیں جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔