مولانا اشرف جلالی این اے 81 سے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار

لاہور: ایپلٹ ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 81 سے تحریک لبیک کے مولانا اشرف آصف جلالی کو الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شہباز رضوی نے گوجرانوالہ کے حلقے این اے 81 سے مسلم لیگ (ن) کے کورنگ امیدوار عاطف فرید صابر کی اپیل پر سماعت کی۔

اپیل کنندہ نے مؤقف اپنایا کہ مولانا اشرف آصف جلالی نے کاغذات نامزدگی میں ٹیکس ریٹرن کا ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے ریٹرننگ افسر کو پاسپورٹ بھی جمع نہیں کرایا اور اپنے بیرون ملک دوروں سے بھی آگاہ نہیں کیا لہٰذا وہ آئین کے آرٹیکل 62،63 کی زد میں آتے ہیں۔
جس پر جسٹس شہباز رضوی نے فیصلہ سناتے ہوئے آصف اشرف جلالی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے آصف اشرف جلالی کو الیکشن کے لئے نااہل قرار دے دیا۔