مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں کے علاقے پنجورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران احتجاج کرنے والے مظاہرین پرفائرنگ کردی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھرگھر تلاشی لی تو نوجوانوں نے سڑکو ں پرنکل کر مظاہرے کئے اور بھارتی فورسز پر پتھراؤ کیا۔ بھارتی فورسزاور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔

دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے سوپور کے علاقے فروٹ منڈی سے چار نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے۔ گرفتار نوجوانوں میں ملگونی پورہ سے تعلق رکھنے والا محمد ایوب ملہ، وارہ پورہ کا فیاض احمد وار،جاوید احمد وار جبکہ دچھن پورہ روہامہ کا مقصود احمد وارشامل ہے۔

ادھر ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے سے 65 سالہ خاتون زخمی ہوگئی ہے۔ ضلع کے علاقے نورکوٹ دگوار سے تعلق رکھنے والی خاتون اپنے جانوروں کو واپس لینے گئی تھی۔ زخمی خاتون کو مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔