پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی
محکمہ موسمیات نے آج بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی
پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی، جبکہ اسلام آباد میں بھی بادل چھائے ہوئے ہیں اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ سرائے عالمگیر اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں موجود ہیں، جس کے باعث اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمے نے آج بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بعض اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں 8، قلات میں 2، زیارت میں 3، ژوب میں 14، سبی اور تربت میں 24، نوکنڈی میں 15، چمن میں 7 جبکہ گوادر اور جیوانی میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔