جلال آباد میں محکمہ تعلیم کی عمارت پرحملہ،10 افراد جاں بحق

جلال آباد:افغانستان کے شہر جلال آباد میں محکمہ تعلیم کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے کے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ10 زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے جلال آباد کے علاقے میں محکمہ تعلیم کی عمارت پر دھاوا بول دیا جبکہ عمارت کے نزدیک دو دھماکے بھی کئے گئے۔

صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان آیت اللہ خوگیانی کے مطابق حملہ آوروں نے عمارت کے اندر متعدد ملازمین کو یرغمال بنالیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی، جن میں سے 2 نے اپنی خودکش جیکٹس پھاڑ لیں جبکہ تیسرے کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

ابھی تک کسی دہشت گرد گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ جلال آباد میں دو ہفتوں کے دوران یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔اس سے قبل یکم جولائی کو جلال آباد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

منگل کو بھی شہرمیں ایک خودکش حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔