بیجنگ: چین میں کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے 19 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے شیوآن کے صنعتی ایریا میں واقع کیمیکل فیکٹری میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پلانٹ میں کام کرنے والے 19 مزدور ہلاک جبکہ 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ کیمیکل فیکٹری میں دھماکے ہونے سے ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔
بیجنگ پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لئے ماہرین پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیں گے جو حادثے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور ابھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آتشی کیمیکل کو دھماکے کی جگہ سے ہٹادیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں 4 زخمیوں کی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔