اسلام آباد:تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات سے قبل آزاد ارکان سے اسٹیمپ پیپر پر دستخط لئے جارہے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق بیان حلفی پر عمران خان سے ملاقات سے قبل آزاد ارکان سےدستخط کروائے جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کی قیادت شامل ہونے والے ارکان سے لکھوارہی ہے کہ وہ پارٹی میں بغیر دبائو یا لالچ کے شامل ہوئے ہیں،وہ وزیراعظم ،وزیراعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے ۔
ذرائع کے مطابق پارٹی ترجمان فواد چوہدری نے اس عمل کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم آزاد اراکین سے پارٹی میں شمولیت کے لئے بیان حلفی لے رہے ہیں ،انہیں ہم الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔
آج پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں میں این اے 97 سے ثنا اللہ مستی خیل ، این اے 166 سے غفار ووٹو ، پی پی 97 سے سعید ابر نوانی، پی پی 98 سے امیر محمد حسن خیلی ، پی پی 237 سے فدا حسین ووٹو اور پی پی 270 سے عبدالحئی دستی شامل ہیں جنہوں نے عمران خان سے بھی ملاقات کی ۔