پشاور: خیبرپختونخوا کے شہر ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق خیبرپختون خوا کے شہر ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم اور ایلیٹ فورس کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ جس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایلیٹ فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ڈی پی او عارف خان کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ انہیں راستے میں نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ کرامت اللہ کی ذاتی دشمنی تھی۔