کراچی کے علاقے قائد آباد میں بچوں کی گمشدگی اور نامعلوم افراد کی جانب سے ان پر تشدد کے واقعات رپورٹ کیے گئےہیں۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ سےان واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔
ایس ایس پی ملیر منیر شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 3 بچے غائب ہوئے اور تھوڑی دیر بعد خود ہی واپس آگئے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بھی بچوں پر تشدد ثابت ہوا۔
بچوں پر تشدد کے مبینہ واقعات کے خلاف اہل علاقہ نے آج احتجاج کیا، مظاہرین ڈی ایس پی قائد آباد کے دفتر میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قائدآباد کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تمام مشتبہ افراد کو تھانے منتقل کردیا گیا، جہاں ان سے بچوں پر تشدد کی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ زخمی بچوں کے والدین کی مدعیت میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔