الیکشن کمیشن نے انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے ٹربیونلز قائم کردیے

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے ٹربیونلز قائم کر دیے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی کورٹ کے ججز ٹریبونلز کے سربراہ ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ کے لیے 4 ٹربیونلز، بلوچستان کے لیے 3 ٹربیونلز، پنجاب کے لیے8 ٹربیونلز اور خیبر پختونخوا کے لیے 5 ٹربیونلز قائم کیے۔مجموعی طور پر انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے 20 ٹریبونل قائم کیے گئے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سعید، جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس خادم حسین شیخ کو ٹربیونل کا سربراہ مقرر کیا گیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ، جسٹس عبد اللہ بلوچ، جسٹس نذیر احمد لانگو کو ٹربیونل کے سربراہ مقرر کیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید، جسٹس شاہد مبین، جسٹس شاہد جمیل، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس مجاہد مستقیم اور جسٹس وقاص رؤف ٹریبونل کے سربراہ مقرر کیے گئے۔
پشاور ہائی کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس لال جان خٹک، جسٹس محمد غضنفر خان، جسٹس عبدالشکور خان اور جسٹس اعجاز انور ٹربیونل کے سربراہ مقرر کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قائم کیے گئے تمام ٹربیونلز 4 ماہ میں انتخابی عذرداریاں نمٹائیں گے۔